پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیدی

لیڈز( بی ایل آٸی)

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پیش قدمی کو برقرار رکھا ہے۔

لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کا 228 رنز کا ہدف عماد وسیم کے 49 رنز کی بدولت آخری اوور میں حاصل کرلیا، شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے پر عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس 9 پوائنٹس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی۔

ہدف کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اننگز کی دوسری ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم بابراعظم اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔

امام الحق محمد نبی کو آگے بڑھ کر کھیلنے کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور محمد نبی نے اگلے ہی اوور میں بابر اعظم کو بھی 45 رنز پر بولڈ کردیا جب کہ آؤٹ آف فام محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر چلتے بنے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر حارث سہیل کی صورت میں گری جو 27 رنز بنا کر ایلبی ڈبلیو ہو گئے جب کہ کپتان سرفراز احمد 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل افغان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پانچویں اوور میں گل بدین کو 15 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلی ہی گیند پر ہشمت اللہ شہیدی کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

کامیابی کے بعد فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے بہترین اننگ کھیلی، افغان بالرز نے کنڈیشنز کا بہترین استعمال کیا امام اور بابر نے شروع میں اچھی بیٹنگ کی،شاہین آفریدی سمیت تمام بالرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں ںے مزید کہا کہ بھارت اور انگلینڈ کا میچ صرف دیکھیں گے جب کہ تیاری اگلے میچ کی کریں گے۔

افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ پورے ایونٹ میں ہماری بیٹنگ اچھی نہیں تھی جبکہ حامد حسن کا انجرڈ ہونا ہماری بدقسمتی ثابت ہوئی۔

رحمت شاہ اور اصغر افغان نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا، رحمت 43 گیندوں پر 35 اور اصغر افغان 35 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام اللہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، محمد نبی صرف 16 رنز ہی بناسکے اور راشد خان 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے وقت بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹاس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا تاہم ہماری بولنگ لائن اچھی ہے اور ہم افغانستان کو کم سے کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے جب کہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

افغانستان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے کہا کہ اچھا ٹوٹل بناکر پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گےاور پاکستان کو ہرانے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.