کراچی کی کم از کم 500 عمارتیں گرانا ہوں گی، سپریم کورٹ

کراچی(بی ایل ٰآئی)

غیر قانونی تجاوزات کیس میں جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے ہیں کہ اس شہر کی کم از کم 500 عمارتیں گرانا ہوں گی، شہر کی تباہی میں سب اداروں کی ملی بھگت شامل ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر میں غیر قانونی تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کردی جب کہ عدالت نے کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کی تباہی پر سندھ حکومت کو فوری کابینہ کا اجلاس بلانے کا حکم دیا۔

سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب، ہمیں لوریوں سے سولانے کی کوشش مت کریں، آپ لوگ کٹھ پتلیاں ہیں کس کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، کراچی کی صورتحال پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہمیں 1950 کے بعد والا اصل ماسٹر پلان لا کردیں۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ اس شہر کی کم از کم 500 عمارتیں گرانا ہوں گی، شہر کی تباہی میں سب اداروں کی ملی بھگت شامل ہے، بتایا جائے شہر کی بے ہنگم اور غیر قانونی عمارتوں کو کیسے گرایا جا سکتا ہے، ایڈووکیٹ جنرل صاحب، بیرون ملک سے ٹاؤن پلانرز بلائیں اور مشورہ کریں، شہر ایسے ہوتے ہیں، جائیں انگریزوں سے ہی پوچھ لیں۔

ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا آپ بجا فرما رہے ہیں کوتاہیاں ہوئی ہیں،   جس پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ہرکوئی امریکا، کینیڈا میں جائیداد بنانا چاہتا ہے، ایڈووکیٹ جنرل صاحب، آپ سب جانتے ہیں یہاں ہو کیا رہا ہے، یہ بیوروکریٹس عوام کے پیسے پر پلتے ہیں مگر عوام کے لیے کچھ نہیں کرتے، سندھ حکومت 2 ہفتوں میں رپورٹ دے کہ شہر کا کرنا کیا ہے۔

عدالت حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شہر کی تباہی پر ماہرین سے مشاورت کرے، مئیر لندن صادق پاکستانی نژاد ہیں، انہی سے پوچھیں شہر کیسے بسائے جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کراچی میں کارساز، شاہراہ فیصل، راشد منہاس پر قائم تمام شادی ہالز اور کنٹونمنٹ ایریاز میں تمام سینما گھروں، کمرشل پلازے اور مارکیٹس گرانے کا بھی حکم دیا۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.