آئی ایم ایف سے مذاکرات، پاکستان نے بجلی گیس مہنگی کرنے کی شرط مان لی

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)آئی ایم ایف سے نیا بیل آؤٹ پیکج لینے سے متعلق مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے۔ حکومت نے بجلی، گیس مزید مہنگی کرنے سمیت عالمی مالیاتی ادارے کی کئی شرائط قبول کرلیں۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجٹ میں 700 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حکومت نئے بجٹ میں ٹیکس ہدف میں پانچ سو ارب روپے بڑھانے پر تیار ہوئی ہے۔

نئی شرائط کے تحت آئندہ 3 سال میں بجلی اورگیس مزید مہنگی کر کے صارفین سے 340 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ اس طرح سے صارفین پر سالانہ 114 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔

آئی ایم ایف کو میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالسی اقدامات پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹیرف میں تبدیلی سہہ ماہی بنیاد پر ہوگی جبکہ بجلی کی قیمت طے کرنے کیلئے نیپرا اور گیس نرخ کا تعین کرنے کیلئے اوگرا کوفری ہینڈ دیا جائے گا ۔

چھوٹے صارفین (300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین ) اور برآمدی شعبے سے وابستہ صنعتی صارفین کے علاوہ سب کیلئے سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔

حتمی معاملات طے پانے کے بعد نئے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.