حکومت کا احساس پروگرام کے تحت غریب طبقوں کیلئے مختص بجٹ کو2گنا کرنے کا فیصلہ

حکومت کا احساس پروگرام کے تحت غریب طبقوں کیلئے مختص بجٹ کو2گنا کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( بی ایل آٸی) چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے کہا ہے کہ اداروں کی جانب سے بجٹ کٹوتی کا فیصلہ فلاحی ریاست کی جانب  اہم اقدام ہے ،  معذور افراد کیلئے انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئر اور سفید چھڑی بھی مفت فراہم کی جائے گی ۔ اسلام آباد میں  پریس کانفرنس  کرتے ہوئے  ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ بہت سے اداروں نے  رضاکارانہ طورپر اپنے بجٹ میں کمی کا فیصلہ کیا ہے جو فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سروے کے مطابق ملک کے 2.5فیصد افراد کسی نہ کسی  معذوری کا شکار ہیں ، معذور افراد میں سماعت  سے محروم ، نابینا اور دیگر شامل ہیں ، معذور  افراد کیلئے احساس پروگرام کے تحت  انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نادرا کے تحت  رجسٹرڈ  معذور افراد کو سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ احساس پروگرام کے تحت نابینا افراد کو معاون چھڑی اور ٹانگوں سے معذور افراد کو وہیل چیئر  اور دیگر معاون آلات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قانون کے مطابق  معذور افراد کیلئے حکومتی ملازمتوں میں 2فیصد کوٹہ مختص  ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔وزیراعظم نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے نیا پاکستان ہائوسنگ  سکیم میں  بھی معذور افراد کیلئے 2فیصد کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے, ملک بھر میں حکومتی رہائشگاہوں میں بھی معذور افراد کیلئے  ایک فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت  کی ہے کہ اس پر  جلد عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تحفظ پروگرام کا اجراء رواں برس اگست میں کردیا جائے گا, ملک بھر کے پسماندہ  اضلاع میں معذور افراد کیلئے مصنوعی  اعضاء بنانے کے سنٹر بنائے جائیں گے ۔  انہوں نے کہاکہ بیروزگار افراد کے کاروبار کیلئے قرض فراہمی کی نئی اسکیم لارہے ہیں ۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور کفالت پروگرام کے اشتراک سے غریب طلباء کیلئے نئی انڈر گریجویٹ سکیم لائی جارہی ہے جس کے ذریعے انڈر گریجویٹ  طالب علموں  کی فیس ادا کی جائے گی ۔ ہوسٹل کا خرچہ برداشت کیا جائے گا اور ان کو وظیفے دئیے جائیں گے ۔ صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے  بچیوں کیلئے وائوچر سکیم شروع کی جائے گی ۔ پسماندہ علاقوں میں بچیوں کو سکول بھیجنے کے عوض وظیفے دئیے جائیں گے، کفالت پروگرام کے تحت  پسماندہ علاقوں  کی 7 لاکھ خواتین کی مالی معاونت کی جائے گی ، رواں سال کے آخر تک سماجی تحفظ  پروگرام کے تحت ایک کروڑ افراد کو مفت  علاج کی سہولت دیں گے ، سماجی تحفظ پروگرام رواں برس ستمبر میں  متعارف کرایا جائے گا۔ یتیم خانوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ احساس پروگرام میں دیہاڑی دار مزدور  کے احساس کا اہم عزم  شامل ہے ایسے مزدوروں کی رجسٹریشن کا عمل  شروع کردیا گیا ہے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایسے مزدوروں کی مالی معاونت کا آغاز کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے محنت کشوں کے سماجی تحفظ کی خصوصی  ہدایت جاری کی ہے ۔ بزرگ شہریوں  کی ماہانہ پنشن 6500 روپے کردی گئی ہے۔ ٹکٹ خریدنے  کی سکت نہ رکھنے والے 7 سال سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی معاونت کی جائے گی۔ خواجہ سرائوں  کے سماجی تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کی مالی معاونت میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.