زرداری اور شہباز شریف کی قومی اسیمبلی میں ایک ساتھ انٹری

اسلام آباد(محمد سلیم)  کیا پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں فاصلے کم ہونے لگے ہیں؟ صدر ن لیگ شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ایوان میں ایک ساتھ انٹری مار کر حیران کردیا۔

دونوں رہنما لابی سے ایک ساتھ ہنستے مسکراتے اور خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اسمبلی کے فلور پر داخل ہوئے، اس موقع پر آصف زرداری اورشہباز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس کی لابی میں غیررسمی ملاقات بھی ہوئی۔بعد ازاں آصف زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس سے واپس زرداری ہاؤس روانہ ہوگئے، اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا شہبازشریف سے ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس پر کوئی پیش رفت ہوئی؟صحافی کے سوال پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو تاخیر سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچانے پر مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدواروں نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پروڈکشن آرڈڑ جاری ہونے کے باوجود شہباز شریف کو ایوان میں تاخیر سے لانے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب والے تو مجھے لانا ہی نہیں چاہتے تھے، کبھی کہا جہاز دستیاب نہیں کبھی کوئی بہانہ بنایا۔شہباز شریف نے کہا کہ میرے زور دینے پر یہ لوگ مجھے لے کر آئے۔

بعد ازاں شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس سے قومی اسمبلی میں موجود اپنے چیمبر میں چلے گئے جہاں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں شہباز شریف کے آنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، ن لیگ والوں کو دوبارہ ایوان میں آنا چاہیے اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن واپس آئے اور اپنا مؤقف پیش کرے، ہم ان کا مؤقف سنیں گے، ہو سکتا ہے کہ اس سے ہماری رہنمائی ہو اور ہو سکتا ہے کہ اپوزیشن مکمل طور پر باخبر نہ ہو یا انہیں کوئی غلط فہمی ہوئی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پارلیمنٹ کو کس طرح چلانا ہے۔بعد ازاں شہباز شریف اور ن لیگ کے دیگر ارکان ایوان میں واپس آگئے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.