ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

ملک بھر میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے، یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے  خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ رواں برس آج کے دن کی اہمیت بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب کے باعث دوچند ہوگئی ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے ملک کے تمام سرکاری اور نجی ریڈیو اسٹیشنز اور ٹی وی چینلز یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کررہے ہیں۔

توپوں کی سلامی اور ملکی بقا و سلامتی کی دعائیں 

یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31  جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21  توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں نے ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ، اس کے علاوہ ملک میں آباد دیگر اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ جس کے بعد مسلح افواج کی جانب سے پھول چرحائے گئے اور شاعر مشرق کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مرکزی تقریب ’مسلح افواج کی پریڈ‘ 

یوم پاکستان کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب مسلح افواج کی پریڈ اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمرا ن خان  مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات شریک ہیں۔ یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد  مہمان اعزازی ہیں جب کہ آذر بائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کی فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہیں۔

ایوان صدر و گورنر ہاؤسز میں اعزازات کی تقسیم

یوم پاکستان کی مناسبت سے آج  ایوان صدرمیں تقسیم اعزازات کی ایک تقریب بھی ہورہی ہے جس میں صدرمملکت زندگی کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے افراد کو سول اعزازات عطاء کریں گے۔ اس سال کے اعزازات کے لئے چند غیر ملکی افراد سمیت 171 شخصیات کومنتخب کیاگیاہے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.