پائیدار ترقی کیلئے اہداف، PTI ارکان پارلیمنٹ کو خاموشی سے 24 ارب کے فنڈز جاری

اسلام آباد(مہتاب حیدر)حکومت نے ’’ایس ڈی جیز‘‘پروگرام کے نام پر 24ارب روپے کے صوابدیدی فنڈ کی منظوری دیدی ۔جس کی تصدیق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کردی ہے۔سپریم کورٹ نے صوابدیدی فنڈ پر پابندی عائد کی تھی‘تاہم پی ٹی آئی حکومت نےاسے دوبارہ بحال کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق،ارکان پارلیمنٹ کو خوش کرنے کے لیے پی ٹی آئی حکومت نے خاموشی سے پائیدار ترقی کے مقاصد(ایس ڈی جیز)پروگرام کے نام پر 24ارب روپے کے صوابدیدی فنڈ کی منظوری دے دی ہے، جو کہ چھوٹی ترقیاتی اسکیموں میں استعمال ہوگا ، جس کی سفارش متعلقہ حلقوں کے ارکان قومی اسمبلی نے کی تھی۔ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں اکثریت کے سبب حکومت نے ایس ڈی جیز کے حصول پروگرام کی بحالی کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کی چیئرمین شپ میں اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ ہر ایم این اے کی سفارش کردہ چھوٹی ترقیاتیاسکیموں کی منظوری دے گی۔اس حوالے سے جب نعیم الحق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ایس ڈی جیز پروگرام کی بحالی کی تصدیق کی۔وزارت منصوبہ بندی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مختص شدہ 24ارب روپے کی منظوری کا بلاک کابینہ ڈویژن کو بھجوادیا گیا ہے تاکہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت اسکیموں پر عمل درآ مد کیا جاسکے۔ماضی میں سپریم کورٹ نے صوابدیدی فنڈ پر پابندی عائد کردی تھی ، تاہم اس مرتبہ پی ٹی آئی حکومت نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کی وفاقی کابینہ سے منظوری لے لی ہے۔کابینہ ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری کے مطابق، ایس ڈی جیز پروگرام کے حصول کے لیے ہر حلقے میں 20افراد پر مشتمل ایک کمیٹی چھوٹی ترقیاتی اسکیموں کی سفارش کرے گی جو کہ تعلیم ، صحت ، پینے کا صاف پانی، گیس، بجلی اور دیگر چیزوں سے متعلق ہوگی ، جسے ڈپٹی کمشنر کو بھجوایا جائے گا جو کہ اس اسکیم کو متعلقہ صوبائی کمیونکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ (سی اینڈ ڈبلیو)کو یا متعلقہ وفاقی وزارت کو بھجوائے گا۔ذرائع کے مطابق، منصوبوں کی جانچ پڑتال کے بعد پی سی ۔1تیار کیا جائے گا۔اس مرتبہ حکومت نے سامان کی خریداری صوابدیدی فنڈ سے کرنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم اس فنڈ سے انتظامی اخراجات پر پابندی عائد کردی ہے۔عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہم نے گاڑیوں کی خریداری ، دفاتر یا دیگر اخراجات جیسا کہ کھانے پینے کی اشیاء، چائے وغیرہ کی اس مختص شدہ فنڈسے خریدنے پر پابندی عائد کردی ہے۔سمری میں مرکز اور صوبوں کے درمیان 50/50فیصد کی بنیاد پر اخراجات کی تقسیم کی بات نہیں ہے ۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.