چیف جسٹس نے وہ کام کیے جو حکومتوں کو کرنا تھے، وزیراعظم

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے بہترین دور کا آغاز شروع ہوا ہے، ہم مدینہ جیسی ریاست بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔سپریم کورٹ نے وہ کام کیے جو جمہوری حکومت کو کرنے چاہیے تھے لیکن جمہوری حکومتیں بدقسمتی سے صرف پانچ سال کا سوچتی تھیں تاکہ اگلا الیکشن جیت جائیں جب کہ ڈیم پانچ سال سے زیادہ عرصے میں بنتا ہے، اسی محدود سوچ کی وجہ سے اس مسئلے میں گھرے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے بڑھتی ہوئی آبادی پر توجہ دینے کے حوالے سے سمپوزیم سے خطاب کے دوران کیا۔

سمپوزیم میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار، علمائے کرام، حاضر و ریٹائرڈ ججز، ایم این ایز اور وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کم بچے خوشحال گھرانا بہت اچھی مہم تھی جسے مشرقی پاکستان کے لیے سمجھا جاتا تھا لیکن آج وہ مشرقی پاکستان بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گیا کیونکہ ان کی سوچ دور کی تھی ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور تعلیم کے ذریعے بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے مہم چلائیں گے۔

جسٹس ثاقب نثار کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آبادی پر کنٹرول کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس نے بہت اچھی تجاویز پیش کیں،عدلیہ کے پاس ان تجاویزپرعملدرآمد کا کوئی میکنزم نہیں، اگر کوئی اس پر عملدرآمد کراسکتا ہے تو وہ وزیراعظم ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو کردار ادا کرنا تھا اس کے لیے حصہ ڈال دیا اورایگزیکٹو کی ذمہ داری ہے کسی بھی ترقی یافتہ ملک یا معاشرے کے لیے تعلیم، قانون کی بالادستی، ایمانداری اور مخلص حکومت ضروری ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ 60 سال میں ہم نے آبادی کے کنٹرول پر کوئی توجہ نہیں دی، بڑھتی آبادی سے ہمارے وسائل مسلسل دباؤ کا شکار ہیں، آبادی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.