ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے اور میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟ نوازشریف

اسلام آباد(محمد سلیم) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے خلاف دو نیب ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ ہونے پر کمرہ عدالت میں روسٹرم پر آکر کہا ہے کہ  ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے اور میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج ارشد ملک نے جب العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے محفوظ کیے تو سابق وزیر اعظم روسٹرم پر آگئے۔

نوازشریف نے جج سے پوچھا کہ کیا یہ میری آخری پیشی ہے؟ سابق وزیراعظم نے جج ارشد ملک سے مکالمہ کیا کہ آپ جج ہیں، امید ہے انصاف ملے گا، مجھ پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ میری آج اس کیس میں 78 ویں پیشی تھی، اس سے پہلے کیس میں 87 پیشیاں ہم بھگت چکے تھے، پارٹی قیادت اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کارکنوں نے کیس میں ہر پیشی پر یکجہتی کا اظہار کیا، دعاؤں پر دل کی گہرائی سے قوم کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں، قوم کی دعائیں ہر قدم پر میرے ساتھ رہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب اور 3 بار وزیراعظم رہا، 35 سال عوام کی خدمت کی، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی خدمت کی، اس پر خوشی ہے۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ جب سے سیاست میں قدم رکھا ہے کرپشن کے قریب سے بھی نہیں گزرا، کبھی اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا، ملک کی خدمت اور عوام کی خدمت سچے جذے کے ساتھ کی۔

سابق وزیراعظم نے کمرہ عدالت میں اپنے دورِ اقتدار کے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا، معیشت کا پہیہ دوبارہ چلایا، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی دنیا تعریف کرتی تھی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ہر میدان میں دنیا ہماری کارکردگی دیکھ چکی ہے۔

میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر ساری کارروائی ہورہی ہے، اللہ دیکھ رہا ہے، کوئی آج تک کرپشن یا کک بیک کی انگلی نہیں اٹھا سکتا، تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے اس پر دکھ ہے، میری خدمت کا یہ صلہ ہے؟

آخر میں سابق وزیراعظم نے فیض احمد فیض کا یہ شعر بھی پڑھا:

جو ہم پر گزری سو گزری مگر شب ہجراں،

ہمارے اشک تیری عاقبت سنوار چلے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.