سام سنگ نے گیلکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس متعارف کرادیے

بارسلونا: 

اسمارٹ فون بنانے والی مشہور کمپنی سام سنگ نے گیلکسی ایس 9 اور گیلکسی ایس 9 پلس فون پیش کردیئے۔ نئے ماڈلز میں سوشل میڈیا کی ویژول ایپلی کیشن کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ نوجوان صارفین کو راغب کیا جاسکے۔

سام سنگ نے یہ دو نئے اسمارٹ فون بارسلونا میں ہونے والے موبائل آلات کے سالانہ میلے میں پیش کیے ہیں جس میں اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کے درمیان شدید مسابقت دیکھی گئی۔

سام سنگ میں آئی ٹی اور موبائل مواصلات کے سربراہ ڈی جے کوہ نے اس موقع پر کہا کہ اب ’بصری رابطے‘ یا وژول کمیونی کیشن کا دور ہے اور ہم نے گیلکسی ایس 9 کو سوشل میڈیا اور وژول کمیونی کیشن استعمال کرنے والی نسل کے لیے تیار کیا ہے۔

نئے فون سیٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کیمرے کو بہتر بنایا گیا ہے، آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے نئے وائس ٹول متعارف کرائے گئے ہیں اور بہت سے سوشل میڈیا فنکشن شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں کیمرے کی ایک خودکار سلوموشن سیٹنگ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ایک سافٹ ویئر سے سیلفی کو فوری طور پر ایموجی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سی ایس ایس انسائٹ نامی تجزیہ کار کمپنی سے وابستہ ایک ماہر بین ووڈ نے کہا یہ دونوں نئی فون پرانے گیلکسی ایس 8 سے بہت آگے ہیں۔ ایس 9 سے ظاہر ہے کہ تمام اسمارٹ فون کمپنیوں کو جدت کی تلاش ہے اور اسی بنا پر وہ اسکرین ٹیکنالوجی، کیمروں اور پروسیسنگ پاور میں معمولی تبدیلی کررہے ہیں۔

گزشتہ برس اسمارٹ فون کی عالمی مارکیٹ میں صرف ایک فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس سال بھی مارکیٹ یا تو اسی سطح پربرقرار رہے گی یا پھر اس میں کچھ کمی واقع ہوگی۔ اسی بنا پر موبائل ساز کمپنیاں صارفین کو پرانا فون ترک کرکے نیا فون خریدنے پر زور دے رہی ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں اسمارٹ فون فروخت کرنے والی تیسری بڑی کمپنی ہواوے نے بھی اپنے دو نئے اینڈروئڈ ٹیبلٹس اور ایک نوٹ بک پی سی متعارف کرائے ہیں اور اگلے ماہ پیرس میں فلیگ شپ فون پیش کرے گی۔ اس کے باوجود سام سنگ آئی فون کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

سام سنگ کے نئے فون میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والی بگس بی سروس متعارف کرائی گئی جو کیمرے کو کسی غیرملکی زبان کی طرف پھیرنے سے فوری طور پر اس کا ترجمہ کرتی ہے خواہ وہ کھانے کے مینو ہوں یا کہیں نصب کوئی سائن بورڈ ہو۔

دوسری جانب سام سنگ فون سے منسلک آلات (ایسیسریز) کو بھی بہتر بنارہا ہے جن میں وائرلیس چارجر اور موبائل ڈاکنگ اسٹیشن سر فہرست ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق 2018ء میں سام سنگ کے نئے ماڈلوں کی گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 4 کروڑ 30 لاکھ کی تعداد میں زیادہ فروخت متوقع ہے۔ گزشتہ برس سام سنگ نے ایس 8 کے ساڑھے 3 کروڑ سیٹ فروخت کیے تھے۔

گیلکسی ایس نائن اور پلس ماڈل کورل بلو، جامنی، مڈنائٹ بلیک اور  ٹائٹینم گرے رنگوں میں پیش کیے جارہے ہیں۔ فون کی فروخت 16 مارچ سے شروع ہوگی اور اس کی قیمت 73 ہزار روپے سے شروع ہورہی ہے۔

ڈیزائن اور فیچرز

گیلکسی ایس 9 بقیہ تمام ماڈلز جیسا ہی ہے اور اس میں آئرس اسکینر کا پوائنٹ چھپا دیا گیا ہے۔ اسکرین گیلکسی ایج کی طرح کناروں سے مڑا ہوا ہے۔ گلیکسی ایس 9 کا اسکرین 5.8 انچ اور ایس 9 پلس کا  6.2 انچ ہے۔  2960 ضرب 1440 پکسل کی ریزولوشن تصاویر اور ویڈیو کو مزید خوبصورت اور دیدہ زیب بناتی ہے۔ اس کے کنارے تھوڑے موٹے اور سائز معمولی بڑا ہے جس کی وجہ سے ایس 8 کی کیسنگ اس پر فٹ نہیں ہوسکتی۔

اس کے اسپیکر پہلے کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ آواز دیتے ہیں۔ اس میں کوالکوم کا 845 اسنیپ ڈریگن پروسیسر لگایا گیا ہے۔ اس میں مکینکل طور پر ازخود ایڈجسٹیبل اپرچر کیمرا لگایا گیا ہے۔ کیمرے میں نوئز کم کرنے کے نئے فیچر ہیں جو تصویر کو مزید بہتر بناتے ہیں۔ بیٹریاں پہلے کی طرح 3500 ایم اے ایچ صلاحیت رکھتی ہیں۔

اینی میشن ایموجی کے لیے آپ اپنی سیلفی کو آسانی سے اینی میشن ایموجی یا اینی موجی میں تبدیل کرسکتے ہیں جو ایک کمال ہے، کیونکہ کیمرے میں موجود نظام 100 پوائنٹ پر آپ کی سپاٹ تصویر کو تھری ڈی میں تبدیل کردیتا ہے اور اس کی اینی میشن تیار کرتا ہے۔

About BLI News 3217 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.